صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف کی ملاقات

132
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف کی ملاقات ، دوطرفہ دلچسپی کے وسیع تر امور اور اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے وسیع تر امور اور اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

صدر مملکت نے دوطرفہ تعلقات میں بڑھوتری کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور سیاسی، تجارتی، اقتصادی، دفاعی، سیکورٹی، روابط، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں سمیت تمام شعبوں میں کثیر جہتی تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے "وژن سنٹرل ایشیا” پالیسی کے فریم ورک کے اندر وسط ایشیا کے ساتھ روابط بڑھانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی وضاحت کی۔

صدر عارف علوی نے پاکستان کی بندرگاہوں کے ذریعے ازبکستان اور دیگر وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ علاقائی انضمام اور رابطے کے امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانس افغان ریلوے ایسا ہی ایک منصوبہ ہو گا جس سے زمینی رابطہ مضبوط ہو گا۔

انہوں نے سیاحت کو فروغ دینے اور عوام رابطوں کے لیے ہوائی رابطے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ دونوں صدور نے نوجوانوں کے درمیان تعاون بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبہ میں روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں امن و استحکام زمینی رابطوں کے فوائد حاصل کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن افغانستان خطے اور اس سے باہر کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کرے گا۔ صدر عارف علوی نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سٹریٹجک پارٹنرشپ کے اگلے اقدامات پر مشترکہ اعلامیہ اور متعدد شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں/معاہدوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ترجیحی تجارتی معاہدے (PTA) پر دستخط سے دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کی نئی راہیں کھلیں گی۔ دونوں رہنماؤں نے تعلیم، ثقافت، سلامتی اور دفاع میں تعاون پر پیش رفت اور ہر سطح پر اقتصادی ترقی کے مشترکہ اہداف کو حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں صدور نے باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر صدر مملکت نے ازبک صدر کو بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا