صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے امریکن بزنس فورم کے صدر وسیم انور کی قیادت میں وفد کی ملاقات

108

اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے ساتھ ساتھ قومی اقتصادی ترقی کے اہداف کو آگے بڑھانے کے لئے اپنے جیو اکنامک محل وقوع کے بہترین استعمال پر توجہ دے رہا ہے، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے کے سلسلے میں ایک جامع فریم ورک کی فراہمی کے لئے اقتصادی پالیسی ترتیب دی گئی ہے۔

صدر مملکت نے یہ بات امریکن بزنس فورم کے صدر وسیم انور کی قیادت میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان نے ایک آزادانہ سرمایہ کاری کا نظام متعارف کرایا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کاروبار کرنے میں آسانی کو مزید بہتر بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی تاجروں کو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے سرمایہ کاری دوست پالیسی سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے وفد کے ارکان پر زور دیا کہ وہ خواتین اور خصوصی افراد کو مالی طور پر بااختیار بنانے کے لیے ان کی مہارت کی ترقی کے لیے کام کریں اور انہیں پاکستان میں قائم اپنی متعلقہ فرموں میں ملازمتیں فراہم کریں۔

اس موقع پر وفد نے بریفنگ دی کہ اس کا کلیدی مقصد امریکی کمپنیوں کو کاروبار میں توسیع اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ فورم تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے جو کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے بہت ضروری ہیں۔

وفد نے ملک میں کاروبار کرنے میں آسانی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز دیں۔ وفد کے ارکان نے صدر مملکت کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ صدر نے انہیں سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کے حوالے سے تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔