صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے انڈونیشیا کے سبکدوش ہونے والے سفیر ایڈم ملاورمن ٹوگیو کی ملاقات

82
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انڈونیشیا کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی، ثقافتی اور سیاسی تعلقات مزید فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اپنے قریبی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،دونوں ممالک مذہبی اور ثقافتی وابستگیوں اور مختلف امور پر یکسانیت کے حامل ہیں۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق وہ انڈونیشیا کے سبکدوش ہونے والے سفیر ایڈم ملاورمن ٹوگیو سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانا پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا اہم عنصر ہے، پاکستان تجارت، ثقافت، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے، انڈونیشیا کے تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں ، سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں، پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید بہتر بنانے کیلئے باہمی سیاسی اور ثقافتی تبادلوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔

انڈونیشین سفری ایڈم ملاور من ٹوگیو نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کو دوطرفہ تعلقات مزید فروغ دینے کیلئے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو متنوع بنانا چاہیے، دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں کھولنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں جو دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لائے گی، پاکستانی طلباء انڈونیشیا میں تعلیمی وظائف حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ترقی کی رفتار برقرار رہے گی ۔ صدر مملکت نے سفیر کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔