صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بحرین پارلیمانی وفد کی ملاقات ،پاکستان اور بحرین کا باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ

154
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بحرین کے پارلیمانی وفد کی ملاقات ،پاکستان اور بحرین کا باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):پاکستان اور بحرین نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارتی، اقتصادی اور سیاسی تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بحرین کے پارلیمانی وفد کے درمیان ملاقات میں طے پایا۔ وفد کی قیادت بحرین کی کونسل برائے نمائندگان کی سپیکر فوزیہ بنت عبداللہ زینل کر رہی تھیں۔

صدر مملکت نے بحرین کے پارلیمانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مختلف شعبوں میں بہترین تعلقات ہیں جو مذہب اور ثقافت کے مشترکہ رشتوں پر مبنی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان میں بحرین کو زراعت، غذائی اشیاء، لائیو سٹاک، ماہی گیری اور آلات جراحی کی برآمدات کے وسیع امکانات ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے حجم کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مقام ہے کیونکہ یہاں تجارت اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں اور بحرین کی تاجر برادری کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

صدر عارف علوی نے اسلامو فوبیا کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے دونوں برادر ممالک کی طرف سے اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کے مظالم پر بھی روشنی ڈالی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور ولی عہد شہزادہ عظمیٰ شاہ سلمان بن حمد الخلیفہ کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں کنگ حمد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز کے قیام پر حکومت بحرین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر فوزیہ بنت عبداللہ زینل نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات ہیں اور بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بحرین کے بادشاہ اور وزیر اعظم کی طرف سے صدر عارف علوی کو تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان دو طرفہ روابط بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔