صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے رائل کالج آف فزیشنز برطانیہ کے وفد کی ملاقات

217

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کو متعدی اور غیر متعدی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے بیماریوں سے بچائو اور بیماری کی جلد تشخیص کیلئے ایک جامع صحت کے نظام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کے جامع نظام سے لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور اس سے ملکی صحت کے نظام پر دبائو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پروفیسر چارلس ٹوورٹ کی سربراہی میں برطانیہ کے رائل کالج آف فزیشنز کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے نظام کے معیار میں بنیادی تبدیلی لانے کے لیے رائل کالج آف فزیشنزبرطانیہ کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، اس تعاون کے نتیجے میں پاکستان کے لوگوں کو جدید ترین صحت کی خدمات فراہم کرنے اور عالمی ادارہ صحت کے 2030 کے اہداف کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے صحت کے شعبے میں ادارہ جاتی صلاحیت اور استعداد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی استعداد میں اضافے سے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ انسانی وسائل کو برقرار رکھنے، شعبہ صحت میں افرادی قوت کی شدید کمی کو پورا کرنے اور بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کو پاکستان واپس راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ ایم آر سی پی امتحان میڈیکل طلباءکے لیے طبی معائنے، مریضوں کے ساتھ بات چیت کی مہارت اور تشخیص کو بہتر بنانے کا ایک اہم موقع ہے۔ انہوں نے اپنی سفارشات پر سی ایم ایچ لاہور کو اسلام آباد۔راولپنڈی کے بعد ایم آر سی پی امتحانات کے انعقاد کا دوسرا مرکز قرار دینے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور ملک بھر میں پارٹ ٹو کلینکل میں امتحان دینے والے امیدواروں کا بیک لاگ کم کرنے کے لئے ملک کے دیگر بڑے شہروں کو ایم آر سی پی امتحانی مراکز قرار دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق 24 فیصد آبادی کو ذہنی صحت کے مسائل کا سامنا ہے، تناو¿ کی شکار آبادی میں منشیات کے استعمال، تشدد اور انتہائی رویے اپنانے کے رحجان میں اضافہ ہورہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت تربیت یافتہ اور مستند ماہر نفسیات اور معاون عملہ کی تعداد کو بڑھانے کے لیے فوری، بامعنی اور عملی اقدامات اٹھائے۔ صدر مملکت نے رائل کالج آف فزیشنز کے فیوچر ہسپتال پاکستان پروگرام کو سراہا۔

صدر مملکت نے سال 2021-2022 کے لیے پریکٹیکل اسیسمنٹ آف کلینیکل ایگزامینیشن سکلز چیمپئن ایوارڈ سے نوازے جانے والے پاکستان میں مقیم پہلے فزیشن پروفیسر عامر غفور خان کی تعریف کی۔ پروفیسر چارلس ٹوورٹ نے صدر کو بتایا کہ رائل کالج آف فزیشنز مستقبل کے ہسپتال پاکستان پروگرام کے تحت پاکستان میں شراکت داروں کے ساتھ کام کر رہا ہے جو ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال کو بڑھانے کے لیے مربوط صحت کی دیکھ بھال کی معاونت کا مکمل طور پر جدید ماڈل ہے۔