اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی عرب میں پاکستان کے نامزد سفیر احمد فاروق نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نےنامزد سفیرکو تنازعہ جموں و کشمیر اور ہندوستان میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو مختلف فورمز پر اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔
ایوان صدر کےپریس ونگ کے مطابق اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ،دونوں برادر ممالک کے باہمی فائدے کیلئے تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے
،دوطرفہ تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ اور عوام کے عوام سےروابط پر مبنی ہیں،پاکستان دونوں ممالک کے باہمی مفاد کیلئے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو سٹرٹیجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر دو طرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کیلئے بھرپور کوشش کریں۔