
اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) سعودی عرب کے وزیر برائے توانائی پاکستان میں آئل ریفائنری کے قیام سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے لئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، اپنے دورہ کے دوران وہ دیگر بڑے منصوبوں کو بھی حتمی شکل دیں گے جن میں سعودی عرب نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ یہ بات پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید بن مالکی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات میں بتائی۔ صدر مملکت نے سعودی سفیر کاخیر مقدم کرتے ہوئے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان قریبی بردرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور سعودی سرمایہ کاروں کے لئے دلچسپی کے حامل مختلف شعبوں کو بھی اجاگر کیا۔ صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے مزید تبادلوں کی ضرورت ہے۔ سعودی سفیر دو طرفہ تجارت کو بڑھانے میںاہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ صدر مملکت نے ملک میں دہشت گردی کو شکست دینے میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا جس کے نتیجہ میں پائیدار امن کا قیام اور معیشت کی بحالی ممکن ہوئی۔