صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف بن عبدالعزیز آل سعود کی ملاقات

144
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف بن عبدالعزیز آل سعود کی ملاقات

اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف بن عبدالعزیز آل سعود نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت نے سعودی وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان بہترین تعلقات ہیں جنہیں دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لیے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی حکومت اپنی سزا پوری کرنے والے قیدیوں کی رہائی پر مثبت انداز میں غور کرے گی۔ صدر مملکت نے "روڈ ٹو مکہ” پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان اس کی توسیع ملک کے دیگر شہروں تک کرنے کی منتظر ہے۔

انہوں نے او آئی سی اور ایف اے ٹی ایف کی سطح پر گراں قدر حمایت کے ساتھ ساتھ دسمبر 2021 میں اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 17 ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت اور پاکستان کو مالی معاونت فراہم کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا،

انہوں نے اس بات کی اہمیت کو اجاگر کیا کہ دونوں ممالک نے افغانستان میں صورتحال پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ افغان عوام کو انسانی تباہی سے بچانے کے لیے ضرورت کے پیش نظر ان کی مدد کرے۔

اس موقع پر صدر مملکت نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لئے اپنی نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ سعودی وزیر داخلہ نے بتایا کہ دونوں ممالک کی ٹیکنیکل ٹیموں کی جانب سے پاکستانی قیدیوں کے معاملے کو حل کرنے میں مدد کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے پاکستان میں قیام کے دوران اپنے وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت نے 20 لاکھ سے زیادہ پاکستانیوں کی میزبانی میں سعودی عرب کے کردار اور تعاون اور بالخصوص کورونا وبا کے دوران ان کے ساتھ اس کے خیر خواہانہ سلوک کی تعریف کی۔