اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دور دراز علاقوں میں فوری انصاف فراہم کرنے میں ٹیکس محتسب کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب کی رسائی بڑھانے اور ادارے کے کردار سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس محتسب تاجروں کو ٹیکس حکام کی ناانصافی کے خلاف ریلیف فراہم کرنے کا بہترین کام کر رہا ہے، وفاقی ٹیکس محتسب کسٹم اور ٹیکس حکام کی بدانتظامی کے خلاف فوری انصاف فراہم کررہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ٹیکس محتسب تاجروں کو ٹیکس حکام کی ناانصافی کے خلاف ریلیف فراہم کرنے کا بہترین کام کررہا ہے۔
وفاقی ٹیکس محتسب نے اس موقع پر صدر مملکت کو ادارے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ 2021 ءپیش کی۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے اپنی رپورٹ میں صدر مملکت کو آگاہ کیا کہ سال 2021 کے دوران ایف ٹی او کے پاس 2816 تازہ شکایات درج ہوئیں جبکہ گزشتہ سال کے 333 پربقیہ کیسز پر بھی کارروائی کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق سال 2021 کے دوران 2867 مقدمات کو نمٹایا گیا اور اس دوران 88.14 فیصد فیصلوں پر عمل درآمد ہوا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ محتسب نے 8.4 ارب روپے کے ریفنڈ کلیمز کا فیصلہ کیا جبکہ رقم ایف بی آر نے متاثرہ ٹیکس دہندگان کو ادا کی،
ٹیکس دہندگان کی سہولت اور شکایات کے تیز حل کیلئے شکایات کا غیر رسمی حل شروع کیا گیا ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی کو پیش کی گئی رپورٹ میں اس بات سے بھی آگاہ کیا گیا کہ غیر قانونی طور پر زائد سیلز ٹیکس کی وصولی پر گاڑیوں کے خریداروں کو 60 کروڑ روپے کا ریفنڈ دیا گیا جبکہ تاجروں کی سہولت کیلئے بین الاقوامی ہوائی اڈوں اور چمن اور طورخم کے بارڈر پر سہولت ڈیسک قائم کیے۔
رپورٹ کے مطابق تجارتی اداروں اور انجمنوں کے تعاون سے ملک بھر میں سیمینارز اور آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ صدر مملکت نے دور دراز علاقوں میں فوری انصاف فراہم کرنے میں ٹیکس محتسب کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔