صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پریس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر ایم صلاح الدین کی ملاقات ،کونسل کی سالانہ رپورٹ پیش کی

83
APP33-05 ISLAMABAD: December 05 - President Dr. Arif Alvi being presented annual report by Chairman Press Council of Pakistan, Salahuddin Mengal. APP

اسلام آباد ۔ 5 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پریس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر ایم صلاح الدین مینگل نے بدھ کو ایوان صدر میں ملاقات کی اور کونسل کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ صدر مملکت نے کونسل کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کونسل اور وزارت اطلاعات شکایات کے ازالے اور پرنٹ میڈیا کیلئے ضابطہ اخلاق پر موثر عملدرآمد کیلئے زیادہ منظم طریقہ کار وضع کرنے کیلئے ملکر حکمت عملی مرتب کرے۔ صدر نے کہا کہ ہم ایک ایسے دور میں رہ رہے ہیں جہاں پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا باہم مدغم ہورہے ہیں اور اطلاعات کے فروغ کے نئے تصورات کو جنم دے رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ اب میڈیا دو طرفہ کمیونیکیشن کا ذریعہ بن رہا ہے جہاں عوام الناس ملنے والی اطلاعات پر سوشل میڈیا کے ذریعے ردعمل یا تبصرہ کر سکتے ہیں۔ سیکرٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل جو ملاقات میں موجود تھے، نے صدر مملکت کو بتایا کہ پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی تشکیل کا خاکہ (کنسیپٹ پیپر) اپنے حتمی مرحلے میں ہے اور متعلقہ فریقین کو اسے حتمی شکل ملتے ہی آگاہ کیا جائے گا۔