اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ مسٹر وانگ یی ، عراق کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین ، مصر کے وزیر خارجہ سمیع حسن شکری اور فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے ملاقاتیں کی ہیں۔
منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ مسٹر وانگ یی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات ہیں جو ہر سال مزید مستحکم ہو رہے ہیں، پاکستان اور چین "آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرز” ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان تائیوان، تبت، ہانگ کانگ اور جنوبی چین سمیت تمام بنیادی مسائل پر "ون چائنا” پالیسی پر عمل پیرا رہے گا، مسئلہ کشمیر اور ایف اے ٹی ایف پر پاکستان کی حمایت کے ساتھ ساتھ جے ٹین سی طیارے فراہم کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین خطے کی خوشحالی، افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، زراعت، آٹوموبائل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاک چین تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیرخارجہ مسٹر وانگ یی نے کہا کہ چین پاکستان کی حمایت، اس کی اقتصادی اور صنعتی ترقی کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا، دونوں ممالک کے درمیان تعاون بہت اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہا ہے،سی پیک منصوبہ پاکستان کی پائیدار ترقی میں بہت مدد کرے گا۔چین سب سے قابل اعتماد پارٹنر ہے، پاکستان کے ساتھ سٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ صدر مملکت سے عراق کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین نے بھی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جنہیں باہمی فائدے کے لیے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے اعلیٰ سطحی دوطرفہ تبادلوں کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
مصر کے وزیر خارجہ سمیع حسن شکری اور فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے بھی صدر مملکت سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا حل چاہتا ہے۔ مُلاقات میں عالم اسلام کو درپیش مسائل بالخصوص اسلام فوبیا سے نمٹنے کے لیے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مصر کو خطے کا اہم ملک سمجھتا ہے، برادر ملک کے ساتھ اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ پاکستان اور مصر کے درمیان رابطے بڑھانے اور ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان نے اپنی توجہ جیو اکنامکس پر مرکوز کی ہے، مصر کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے، بھارت مسلمانوں کے خلاف نسل کشی میں ملوث، عالمی برادری کو بھارت کو ان خلاف ورزیوں سے روکنے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کی 48ویں سیشن میں شرکت پر وزرائے خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں صدر مملکت نے او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔