اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کی وجہ سے گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار تیز ہوئی ، گلگت بلتستان میں سیاحت اور معدنیات کے شعبوں میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایوانِ صدر میں گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ سے ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال ، گلگت بلتستان میں سیلاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بلتستان یونیورسٹی میں وائس چانسلر کی مستقل تعیناتی پر بھی بات چیت کی گئی۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ یونیورسٹی گلگت بلتستان کے لوگوں کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، یونیورسٹی کو درپیش مُشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب نے ملک کے تمام حصوں کو متاثر کیا، موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کی وجہ سے گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار تیز ہوئی ، گلگت بلتستان کا خطہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے خصوصی طور پر متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت اور معدنیات کے شعبوں میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔