صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے یوکرائن میں پاکستان کے نامزد سفیر کی ملاقات

130

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے یوکرائن میں پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) نوئیل اسرائیل کھوکھر نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر عارف علوی نے نامزد سفیر کو یوکرائن میں تقرری پر مبارکباد دی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یوکرائن کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ نامزد سفیر یوکرائن کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے مزید کوششیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر تعلیم ، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے کام کریں۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے تجارت ، معیشت اور ثقافت کے شعبوں میں یوکرائن کے ساتھ تعاون بڑھانے اور تعلقات میں مزید بہتری کیلئے دو طرفہ پارلیمانی اور سیاسی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔