اسلام آباد ۔ 12 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پانی کے ذخائر کی تعمیرپر ترجیحی بنیادوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا واحد حل نئے ڈیموں کی تعمیر ہے۔ جمعرات کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانی کے ذخائر کی تعمیرپر ترجیحی بنیادوں پر توجہ کی ضرورت ہے۔ اس کا واحد حل نئے ڈیموں کی تعمیر ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمیں پانی کے ضیاع کو بھی روکنا ہوگا۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ عوام کو آگاہی دی جائے کہ ہم پانی کے روزمرہ استعمال میں کس طرح کفایت شعاری کر سکتے ہیں۔ ا نہوں نے کہا کہ دین اسلام بھی ہمیں پانی کے استعمال میں میانہ روی کی تلقین کرتا ہے۔اس سے بہتر کوئی ہدایت نہیں ہو سکتی کہ میرے پیارے نبی حضور اکرم نے وضو میں بھی اسراف سے بچنے کی تلقین فرمائی ہے۔ صدر نے کہا کہ وطن عزیز گزشتہ دہائی سے توانائی کے بحران کا شکار رہا ہے۔