صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کاکیڈٹ کالج حسن ابدال میں سالانہ تقریب سے خطاب

170
APP72-19 HASSANABDAL: December 19 - President Dr. Arif Alvi addressing during the Annual Parents Day at Cadet College. APP

حسن ابدال ۔ 19 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تعلیم کافروغ معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے، حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے تمام ممکن کاوشیں کررہی ہے، نوجوان اپنی بھر پور صلاحیتوں سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے موثر کردار ادا کریں تاکہ عالمی برادری میں عظمت رفتہ بحال ہو۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں کیڈٹ کالج حسن ابدال میں سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کالج میں طالب علموں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور معیار تعلیم پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اچھے معاشروں میں بچوں کی تعلیم و تربیت اہمیت رکھتی ہے، ماضی میں تعلیم ایک مشن کی حیثیت رکھتی تھی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے معاشرے کے تمام طبقات اپنی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے موثر کردارادا کریں۔صدر مملکت نے کہاکہ ایمان، اتحاد اور تنظیم بحثیت قوم ہمارے لیے کامیابی کے سنہری اصول ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بالخصوص طالب علموں کو تاکید کی کہ وہ محنت کے ذریعے تمام شعبوں میں آگے بڑھیں اورملک کا نام روشن کریں۔صدر مملکت نے اس امر پربھی زور دیاکہ والدین اور اساتذہ کرام معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت کو مد نظر رکھتے ہوئے بچوں کو صبر و تحمل اور افہام و تفہیم کی تربیت بھی دیں،پاکستان میں بہت بڑی تعداد نوجوان آبادی پر مشتمل ہے جوملک کا قیمتی اثاثہ ہے۔ صدر نے کہاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو احسن انداز میں بروئے کار لا کر ملک کی ترقی میں کردار اد اکریں اور اپنی محنت کے ذریعے ملک کو ترقی کی اعلیٰ منازل سے ہمکنار کرتے ہوئے عالمی برادری میں عظمت رفتہ بحال کریں۔ انھوں نے خواتین کے حقوق پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاکہ نبی کریم نے خواتین کو جو حقوق دیے انہیں یقینی بنائیں گے، وراثت میں خواتین کو حقوق دے کر ہی برابر کا شہری بنایا جاسکتاہے۔