اسلام آباد ۔ 2 اکتوبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے کاورباری شعبہ کو بھی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لئے موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوورسیز انویسٹر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی 27 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس میں تقریر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گلوبل وارمنگ کے مسائل پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ امیر اور غریب کے مابین فرق دنیا میں چوتھے صنعتی انقلاب کی وجہ سے بڑھ گیا، ملٹی نیشنل کمپنیز پر صارفین سے متعلق کچھ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر مستقبل کے لئے کاروباری شعبہ کی سماجی ذمہ داریاں اہم ہوں گی۔ انہوں نے او آئی سی سی آئی کے اراکین کی طرف سے کئے گئے سماجی اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے جس سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی۔ انہوں نے ورلڈ بینک کی حالیہ رپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے 20 بہتر کارکردگی ادا کرنے والی معیشتوں میں ہے۔