اسلام آباد ۔ 25 جون (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کو ڈیجیٹل کی جانب منتقل کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ملکی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کرےگا، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر معیشت اور نظم و نسق کے درپیش چیلنجوں سے نمٹا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایمرجنگ ٹیکنالوجیز سے متعلق کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صدرمملکت نے کہا کہ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر معیشت اور نظم و نسق کے درپیش چیلنجوں سے نمٹا جا سکتا ہے۔عالمی معیار پر مبنی نظم و نسق کا ضابطہ وضع کرنا ناگزیر ہے۔اس سے حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں وزیراعظم ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چئیرمن ڈاکٹر عطاء الرحمن، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی شعیب احمد صدیقی اور سپیشل سیکرٹری تجارت محمد صالح فاروقی، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد،ایمرجنگ ٹیکنالوجی کمیٹی کے اراکین اور صوبائی سیکرٹریز انفارمیشن ٹیکنالوجی نے شرکت کی۔اجلاس میںکمیٹی اراکین کی صوبائی دارالحکومتوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ دی۔کمیٹی اراکین نے ای کامرس،انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برامداور ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کی جدت کی اہمیت اجاگر کی۔