اسلام آباد ۔ 19 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے علاقائی اورعالمی اقدامات میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کی حکومت اپنے بچوں کو ہرقسم کے استحصال سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز اپنی ذمہ داریاں اداکریں۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار بچوں کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیاجو آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بچوں کا عالمی دن ہرسال منایا جاتاہے۔بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بین الاقوامی کنونشن (سی آر سی) کے دستخط کنندہ کی حیثیت سے پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے علاقائی اورعالمی اقدامات میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نسل، عقیدہ، مذہب اورحیثیت سے بالاترہوکر بچوں کوترقی کے مواقع تک رسائی فراہم کرے۔