بیجنگ ۔ 16 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا بیجنگ پہنچنے پر چین کے وزیر زراعت و دیہی امور ہان چنگ فو، چین میں پاکستانی سفیر نغمانہ عالمگیر ہاشمی اور دیگر چینی اور پاکستانی سفارتخانہ کے حکام نے استقبال کیا اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ اور دیگر چینی رہنماﺅں سے علیحدہ ملاقاتیںکریں گے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر وفد کے ہمراہ یہ دورہ کر رہے ہیں۔ صدر مملکت کے ہمراہ پاکستانی وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر اور سینئر حکام شامل ہیں۔ توقع ہے کہ دورے کے دوران مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا چین کا یہ پہلا دورہ ہے جس کا خصوصی طور پر مقصد کرونا وائرس (کوویڈ۔19) کے خلاف چین کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور حمایت اور یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔ یہ دورہ دونوں مضبوط دوست ملکوں کے درمیان تاریخی آزمودہ دوستی اور اعتماد کے رشتوں کو مزید مستحکم بنانے کےلئے اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ دورہ دونوں ملکوں کی قیادت کو دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز کا جائزہ لینے اور خطہ میں اور اس کے باہر امن، خوشحالی اور ترقی کے فروغ کے مشترکہ اہداف پر پیشرفت کا موقع فراہم کرے گا۔ پاکستان اور چین قریبی دوست اور بااعتماد شراکت دار ہیں۔ دونوں ممالک تمام حالات میں تزویراتی معاون شراکت داری کےلئے متحد ہیں۔ ان کی اس آزمودہ دوستی کی بنیاد بے مثال باہمی اتحاد، مفاہمت اور مفادات کی یکسانیت پر قائم ہے۔ دونوں ممالک کی قیادت چین۔پاکستان کمیونٹی کے مشترکہ مستقبل کے قریبی تعلقات کے نئے دور کی تعمیر کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔