صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ترکمانستان کی کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین اور وزیر خارجہ راشد میریدوف اویزجیلدیوچ سے ملاقات میں اظہار

128
APP52-12 ISLAMABAD: March 12 - President Dr. Arif Alvi talking to Deputy Chairman of the Cabinet of Ministers and Foreign Minister of Turkmenistan Rashid Meredov Ovezgeldiyevich, who called on him. APP

اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان مشترکہ عقیدے، ثقافت اور تاریخ پر مبنی قریبی اور خوشگوار برادارانہ تعلقات استوار ہیں، دونوں ممالک کے امن ، خوشحالی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد نے ان روابط کو مزید تقویت دی ہے۔ انہوں نے یہ بات ترکمانستان کی کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین اور وزیر خارجہ راشد میریدوف اویزجیلدیوچ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں منگل کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اور اقوام متحدہ، او آئی سی اور ای سی او سمیت کثیر الجہتی فورموں پر قریبی تعاون پایا جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اپنے تمام ہمسائیوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان باہمی دلچسپی کے تمام امور پر بھارت کے ساتھ بات چیت کرنے اور جنوبی ایشیاءمیں کشیدگی کم کرنے کے لئے ملک کر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ تمام دوست ممالک بھارت پر زور دیں کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کے لئے پاکستان کے ساتھ کام کرے۔ صدر مملکت اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ نے ترکمانستان، افغانستان، پاکستان، بھارت (تاپی) گیس پائپ لائن منصوبے پر جلد عملدرآمد پر اتفاق کیا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اپنی سر زمین پر باہمی طور پر متفقہ تاریخ پر تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کو ایک ہزار میگاواٹ بجلی برآمد کرنے اور پاکستان افغانستان اور ترکمانستان کے مابین بین الحکومتی معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے ترکمانستان کی پیشکش بھی خیر مقدم کیا۔ صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم، موجود مواقع اور باہمی خوشگوار تعلقات سے ہم آہنگ نہیں۔ انہوں نے اس بات پرزور دیا کہ دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، تعمیرات ،ادویہ سازی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان پورے خطے اور اس کے عوام کی بہبود کے لئے علاقائی روابط میں اضافہ کا خواہاں ہے۔ پاکستان گوادر کی بندر گاہ اور اپنے قومی شاہراتی و ریل نیٹ ورک کے ذریعے ترکمانستان کو مختصر ترین راستہ فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے جڑواں بندرگاہ روابط کے بارے میں گوادر اور ترکمانستان کے درمیان ایم او یو کو جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔