گلگت ۔ 7 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے اقدامات کر رہی ہے، گلگت بلتستان میں سیاحت اور توانائی کے شعبوں میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، صحت و تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے 16 ہزار 500 ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے اور گلگت بلتستان میں زراعت کے شعبے کو فروغ حاصل ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گلگت کے دورہ کے دوران نگران وزیر اعلیٰ میر افضل کی طرف سے مجموعی صورتحال پر دی گئی بریفنگ کے موقع پر کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ گلگت بلتستان کا صوبہ پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، حکومت علاقے کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، گلگت بلتستان میں سیاحت اور توانائی کے شعبوں میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے صحت اور تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کیلئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، گلگت بلتستان کی ترقی کے لئے دورافتادہ علاقوں تک صحت اور تعلیم کی سہولیات پہنچانا ہوں گی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو اس موقع پر دیا مر بھاشا ڈیم پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دیا مر بھاشا ڈیم سے 4500 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، ڈیم منصوبے کی تعمیر سے 16،500 نوکریاں پیدا ہوں گی، دیا مر بھاشا ڈیم کا میگا منصوبہ ساڑھے 8 سال کی مدت میں پائیہ تکمیل کو پہنچے گا، ڈیم کی تعمیر سے گلگت بلتستان میں زراعت کے شعبے کو فروغ حاصل ہو گا، دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے علاقے کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے، گلگت بلتستان میں اس منصوبے کی تکمیل سے خوشحالی کا دور شروع ہو گا، منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ ملکی توانائی کی ضروریات پوری ہوں گی۔