اسلام آباد ۔ 11 جون (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خارکمر میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے فوجی افسران و اہلکار کے لواحقین سے رابطہ کرکے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے 7 جون کے دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ کی اہلیہ اور بھائی کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے تعزیت کی۔ صدر مملکت نے میجر معیز مقصود شہید کی اہلیہ سے بھی تعزیت کی۔ انہوں نے کیپٹن عارف اﷲ خان شہید کے والد شاہ دراز سے بھی گفتگو کی اور ان سے تعزیت کی۔ شاہ دراز نے صدر مملکت کو بتایا کہ شہید افسر کے بچے بھی قوم کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔ صدر مملکت عارف علوی نے لانس حوالدار ظہیر عباس شہید کے والد کے ساتھ بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا۔