
اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تاجروں اور صنعت کاروں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کا نام روشن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، پاکستان بدعنوانی سے پاک اور سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے، پاکستان کا مستقبل روشن ہے، ٹیکنالوجی پر مبنی نالج اکانومی خصوصی توجہ کی متقاضی ہے، پاکستان بھارت سمیت خطہ کے تمام ملکوں سے بہتر تعلقات چاہتا ہے، دوست ممالک پاکستان پر اعتماد کر رہے ہیں، بدعنوانی سے پاک پاکستان تیزی سے ترقی کی منازل طے کرے گا، نئے مالیاتی بل سے ملکی معاشی ترقی کی راہ ہموار ہوگی، ٹیکسٹائل سمیت برآمدات بڑھانے کیلئے حکومتی اقدامات حوصلہ افزا ہیں۔ بدھ کو یہاں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام پاکستان میں غیر ملکی سفیروں اور سفارتکاروں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے پاکستان دنیا کیلئے کھل رہا ہے، ملک کی درست سمت کی بنیاد رکھی گئی ہے، وزیر خزانہ اسد عمر اور ان کی ٹیم نے سخت محنت کی ہے جس کے ثمرات حاصل ہو رہے ہیں، نئے مالیاتی بل سے ملکی معاشی ترقی کی راہ ہموار ہو گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ تجارتی خسارہ میں کمی، برآمدات میں اضافہ اور دیگر اقتصادی اشاریے قابل اطمینان ہیں، برآمدات میں اضافہ کیلئے حکومت کی جانب سے مسابقتی ماحول فراہم کرنے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ صدر نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کے ضمن میں سکل ڈویلپمنٹ کی ضرورت ہے، قیمتی پتھروں کی برآمدات کو بہتر بنایا جا سکتا ہے، اسی طرح ماربل کی صنعت میں بھی وسیع استعداد موجود ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ان شعبوں میں تکنیکی مہارت کو بڑھایا جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں بھی ترقی کے مواقع موجود ہیں، پاکستان اس شعبہ پر توجہ دے کر کثیر زرمبادلہ کما سکتا ہے، ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط بنانا ہو گا تاکہ ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر دونوں شعبوں میں موجود استعداد کار سے فائدہ اٹھایا جا سکے، ٹیکنالوجی پر مبنی نالج اکانومی خصوصی توجہ کی متقاضی ہے۔ صدر نے کہا کہ اس وقت دنیا کی 10 بڑی کمپنیوں میں سات کمپنیاں آئی ٹی سے متعلق ہیں جس سے اس شعبہ کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔ صدر مملکت نے ویلیو ایڈیشن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کئی شعبے ایسے ہیں جہاں ویلیو ایڈیشن پر توجہ دے کر برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ فشریز کے شعبہ میں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے پاکستان 10 ارب ڈالر کی برآمدات کی استعداد کا حامل ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے اقدامات کی وجہ سے ملک میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے لڑی۔ صدر نے کہا کہ سیاحت اور امن و امان کا چولی دامن کا ساتھ ہے، پاکستان میں دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات واقع ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ 2014-15ءمیں گلگت بلتستان جانے والے سیاحوں کی تعداد 15 لاکھ تھی تاہم رواں سال 25 لاکھ کے قریب سیاح شمالی علاقہ جات گئے ہیں۔ اسی طرح نتھیا گلی آنے والوں کی تعداد بھی 25 لاکھ کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود سیاحت کے فروغ میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، گذشتہ پانچ برسوں میں خیبرپختونخوا میں بھی اس شعبہ کی ترقی پر بہت کام ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ دوست اور برادر ممالک پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں، سعودی عرب کے فرمانروا، ترکی کے وزیراعظم اور دیگر عالمی رہنماﺅں سے ملاقات میں ہم نے ان سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے بات کی ہے اور انہیں بتایا ہے کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار ملک ہے جہاں منافع کی شرح بھی زیادہ ہے، ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے دوست ہم پر اعتماد کر رہے ہیں، کارگیل کمپنی پاکستان میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے جا رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی اہمیت کی حامل ہے، پاکستان بھارت سمیت خطہ کے تمام ملکوں سے بہتر تعلقات چاہتاہے، امید ہے کہ افغانستان میں جلد امن و امان کا قیام ہو گا، پاکستان کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے، افغانستان میں امن و استحکام کے حوالہ سے پاکستان اہم کردار ادا کر رہا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ خطہ میں امن ضروری ہے، افغانستان میں امن سے پاکستان میں بھی استحکام اور خوشحالی آئے گی اور ہماری مغربی سرحدیں محفوظ ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی سے پاک پاکستان کی برانڈنگ کی ضرورت ہے، ہم ایک ایسا پاکستان چاہتے ہیں جو کرپشن سے پاک ہو اور جہاں بیرونی سرمایہ کاری آئے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بدعنوانی سے پاک پاکستان تیزی سے ترقی کی منازل طے کرے گا، سی پیک کے تحت اقتصادی زونز سے صنعتی فروغ اور روزگار میسر آئے گا، ہمیں صحت و تعلیم کے شعبہ پر توجہ دینا ہو گی کیونکہ اسی صورت میں ہم دنیا کی اجتماعی دانش میں اپنا حصہ ڈال سکیں گے، اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم اقوام عالم میں اپنا مقام نہیں بنا سکتے، یہ بات خوش آئند ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے عوام کو غربت سے نکالنا چاہتے ہیں۔ صدر مملکت نے تاجروں اور صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کا نام روشن کرانے میں اپنا کردار ادا کریں، اس شعبہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو دنیا میں پاکستان کی وکالت کرنا ہو گی اور دنیا کو بتانا ہو گا کہ پاکستان بدعنوانی سے پاک اور سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داود نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ، جس کو ادائیگیوں میں توازن سمیت مشکل اقتصادی چیلینجوں کا سامنا تھا، کو درست سمت پر گامزن کردیا گیاہے، انہوںنے کہاکہ آنیوالے مہینوں میں ملک میں بڑی سرمایہ کاری آرہی ہیں، اگلا سال ایک نیا پاکستان ہوگا۔راولپنڈی چیمبرزآف کامرس کے صدر ملک شاہد سلیم نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے بیرون ممالک کے ساتھ تجارتی روابط کے فروغ میں راولپنڈی چیمبرز کے کردار پرروشنی ڈالی۔ انہوں نے تجارت اورسرمایہ کاری کیلئے حکومت کی پالیسیوں کوبھی سراہا اوراس ضمن میں حالیہ مالیاتی بل میں تجارت اورصنعت کے شعبوں کی ترقی کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا خاص طورپرذکرکیا۔