اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جنگجو سپاہی مقبول حسین کی چوتھی برسی پر قوم کو ان کی جرات اور بہادری کی یاد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ آج سپاہی مقبول حسین کی چوتھی برسی ہے۔ 1965 میں بھارتی فوج نے اُنہیں قیدی بنایا اور انتہائی ذہنی اور جسمانی تشدد کے باوجود اُنہیں توڑ نہ سکے اور اُن کی زبان بھی کاٹ دی گئی۔
اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں صدر مملکت نے کہا کہ سپاہی مقبول حسین کئی سال بھارتی جیلوں میں گزارنے کے بعد بھی اپنے ملک کے خلاف ایک لفظ بھی نہ بولے،سپاہی مقبول حسین کو 2005 میں واہگہ بارڈر پر رہا کیا گیا۔ یہ ہے پاکستان کی مٹی اور جذبہ۔ یہی وہ طاقت ہے جِس کی مدد سے بحیثیت قوم ہم اٹھ سکتے ہیں اور اپنی تمام مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔ سیلاب متاثرین میں بھی ہمیں بہت ہیرو ملے ہیں۔ اللہ ہماری آزمائشیں کم کرے۔