اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فلسطین کے صدر محمود عباس کو ٹیلی فون کیا اور پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے اسرائیل کی طرف سے سات دہائیوں سے زیادہ عرصہ سے فلسطین کے نہتے لوگوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر دلی ہمدردی اور غم کا اظہار کیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ غزہ کی صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہے، پوری پاکستانی قوم اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی بربریت اور دہشت گردی پر غمناک ہے۔
صدر مملکت نے اسرائیل کی جانب سے مہلک بمباری اور سکولوں و ہسپتالوں کو بھی نشانہ بنانے کی مذمت کی اور کہا کہ وحشیانہ اقدامات کے نتیجے میں خواتین، بچوں، شعبہ صحت، صحافیوں اور اقوام متحدہ کے امدادی کارکنوں سمیت ہزاروں فلسطینی جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی موجودہ صورتحال اسرائیل کی دہائیوں کی نسلی تفریق اور غیر منصفانہ پالیسیوں کا ردعمل ہے۔
صدر مملکت نے مسلمانوں کی نسل کشی اور انہیں اپنے علاقوں سے بے دخل کرنے پر اسرائیل کی مذمت کی۔ انہوں نے غزہ کے عوام کے خلاف اسرائیل کی قاتلانہ مہم روکنے کیلئے عالمی برادری کی جانب سے عدم کارروائی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ عالمی برادری فوری جنگ بندی اور غزہ تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راہداری کھولنے کیلئے اقدامات کرے اور فلسطینیوں کی اپنے وطن سے مزید بے دخلی روکنے، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے مستقل حل کیلئے کوششیں کرے۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے۔
انہوں نے اسرائیل کو فلسطینی سرزمین پر لڑائی سے روکنے کے ساتھ ساتھ انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے غزہ کے لئے راہداری کھولنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے لوگوں کے لئے خوراک، ادویات اور بجلی دستیاب نہیں۔ اس موقع پر فلسطینی صدر محمود عباس نے فلسطین کی حمایت اور انسانی امداد بھیجنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔