اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف مکاتب فکر کے 14 علمائے کرام سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور رمضان المبارک میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرانے کیلئے علماء سے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ ہفتہ کو ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے اعلامیہ کے مطابق صدر عارف علوی نے انسدادِ کورونا احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کیلئے مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران علماء کرام اپنے اپنے حلقہ اثر میں انسدادِ کورونا تدابیر پر خصوصی طور پر عمل درآمد کرانے کے لئے کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ علماء لوگوں کو ماسک پہننے اور وبا کی روک تھام کیلئے حکومت کیساتھ تعاون کی تلقین کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ حضور نبی ﷺ کی وبا سے بچنے کیلئے دی گئی ہدایات پر عمل کی ضرورت ہے، علماء اس امتحان میں قوم کو نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کریں۔ اس موقع پر علمائے کرام نے بین المذاہب اور بین المکاتب ہم آہنگی کیلئے صدر مملکت کے کردار کی تعریف کی۔ ایوان صدر کے اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے مفتی محمد تقی عثمانی اور پیر محمد امین الحسنات سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔
مفتی تقی عثمانی نے انسداد کورونا کیلئے صدر مملکت کے کردار کو سراہا۔ مفتی تقی عثمانی نے صدر مملکت سے اسپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں قائم کمیٹی سے اوقاف بل پر جلد پیش رفت کرانے کی درخواست کی۔ دریں اثنا صدر مملکت نے پير نقیب الرحمن، راجہ ناصر عباس سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی۔ پیر محمد امین الحسنات نے اہم امور پر علماء سے مشاورت پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔
صدر مملکت پير نقیب الرحمن کی درخواست پر اُن سے جلد ملاقات بھی کریں گے۔ صدر مملکت نے مولانا محمد حنیف جالندھری اور مولانا راغب حسین نعیمی سے بھی ٹیلیفونک گُفتگو کی۔