اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزدوروں اور محنت کشوں کے احترام اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدوروں کی تحریک ہر طرح کے امتیازات اور حقوق کی پامالیوں کے خلاف جدو جہد کے لئے مشعل راہ ہے،حکومت خصوصی طور پر مزدور کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، مزدور اور آجر پیداوار کے عمل میں شراکت دار ہیں اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے ان کا تعاون ناگزیر ہے۔
مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ ہم مزدوروں اور محنت کشوں کی جدو جہد کو سلام پیش کرتے ہیں، لوگوں کی زندگیوں میں بہتری اور پاکستان کی پائیدار ترقی کے لئے ان کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج اپنے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ محنت کشوں کے احترام اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی جدو جہد کو خراج تحسین پیش کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ مزدوروں کی جدو جہد معاشرتی ناانصافی، چائلڈ لیبر، جبری مشقت، رنگ، نسل، مذہب یا صنفی بنیاد پر تفریق اور ہر طرح کی پامالی کے خلاف مشعل راہ بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیبر قوانین کی تشکیل سے بہت پہلے اسلام نے مزدوروں کے حقوق اور وقار کو حرمت دی ، ہمارے نبی حضرت محمد ﷺ کی زندگی میں مزدور کے وقار اور حقوق کے احترام کی متعدد مثالیں ملتی ہیں،
اسی بنیاد پر ہم سمجھتے ہیں کہ مزدور اور آجر پیداوار کے عمل میں شراکت دار ہیں اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے مزدور اور آجر کا تعاون ناگزیر ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پاکستان مزدوروں کو درپیش مسائل سے پوری طرح واقف ہے، کوویڈ 19 سے پیدا ہونے والی صورتحال میں حکومت خصوصی طور پر مزدور کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لئے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا نے محنت کش اور مزدور طبقہ کو بہت بری طرح متاثر کیا ہے، ایسے میں حکومت نے احساس پروگرام کے تحت مزدور طبقے کو فوری امداد دے کر مدد کی۔ صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کوششیں جاری رکھیں گی۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ وہ اس موقع پر ملک کے مزدور اور آجر طبقے پر زور دیتے ہیں کہ پاکستان کو تعاون اور ترقی کی علامت بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کی مناسبت سے ہم معاشرے میں مساوات، سماجی و معاشی انصاف کے فروغ اور چائلڈ لیبر، بچوں سے مشقت اور ہر طرح کے امتیازات کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنے کا عہد کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ وہ ملک بھر کے محنت کشوں کے اچھے مستقبل اور خوشحالی کے لئے دعا گو ہیں۔