صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ملک کے مختلف حصوں میں جنگلات میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار

76
صدر مملکت

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کے مختلف حصوں میں جنگلات میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات قوم کو بہت زیادہ مالی نقصان پہنچا رہے ہیں،ان واقعات سے نباتات،حیوانات اورعوام کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔

اتوار کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ جنگلات میں آگ کے واقعات موسمیاتی تبدیلی پراس کے منفی اثرات کو مزید بڑھا رہے ہیں،جنگلات میں آگ لگنے کے زیادہ تر واقعات کو روکا جا سکتا ہے،85 فیصد واقعات کی وجہ کیمپ فائر، آگ کو صحیح طرح نہ بجھانا، آلات کی خرابی، سگریٹ، اور جان بوجھ کر آگ لگانا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ جنگل کی آگ نباتات اور حیوانات کو نقصان پہنچاتی ہے،

جنگلی جانوروں کو ختم کرتی ہے، پرندوں کی پناہگاہیں تباہ کرتی ہے،یہ زمین کی زرخیزی کو نقصان پہنچاتی ہے جس سے سبزے کی نشوونما پر منفی اثر پڑتا ہے،ان واقعات سے فضا میں کاربن ڈائی آکسائڈ کی سطح میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ زیادہ تر واقعات کو سادہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے روکا جا سکتا ہے جس میں حکام کو آگ لگنے کی اطلاع دینا، کیمپ فائر کو صحیح طرح بجھانا، چلتی گاڑی سے جلتے ہوئے سگریٹ کو باہر نہ پھینکنا، آتش گیر چیزوں کا استعمال کرتے وقت احتیاط برتنا اور صرف ان جگہوں پر آتشبازی کرنا جہاں آس پاس کوئی جنگل نہ ہو،

متعلقہ حکام جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کو کم کرنے کے لیے باہمی ہم آہنگی کو مضبوط بنائیں،آگ پر قابو پانے اور ان واقعات کی روک تھام دونوں میں سرمایہ کاری کی جائے۔صدر مملکت نے کہا کہ فائر مینجمنٹ کی طریقوں کو مکمل نافذ کیا جائے، ان واقعات کے ڈیٹا اکٹھا کرنے اور اس کے تجزیے کے نظام کو بہتر بنایا جائے،تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کو یقینی بنا کر ان واقعات کی روک تھام کی حکمت عملی پر توجہ دیں۔