صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا نجی بینک کی بدانتظامی کے خلاف شکایت پر انکوائری کے درست طریقہ کار کو نظر انداز کئے جانے پر برہمی کا اظہار

57

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نجی بینک کی بدانتظامی کے خلاف شکایت پر انکوائری کے درست طریقہ کار کو نظر انداز کئے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بینکنگ محتسب کو قانون کے مطابق بینک اکاؤنٹ ہولڈر کی شکایت حل کرنے کا حکم دیا ہے۔ شکایت کنندہ نے پرائیویٹ بینک کی بد انتظامی کےخلاف بینکنگ محتسب میں شکایت جمع کرائی تھی۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق شکایت کنندہ نے اصل رقم پر منافع حاصل کرنے کے لئے ایک بینک اکاؤنٹ کھولا تھا۔

جمع شدہ منافع وصول کرنے کے وقت پر بینک نے اکاؤنٹ کو غیر منافع بخش "کرنٹ اکاؤنٹ” قرار دے دیا. کھاتہ دار نے بینک کو متعدد شکایات درج کرانےکے باوجود ریلیف اور منافع نہ ملنے پر بینکنگ محتسب اور صدر مملکت کو درخواست کی۔ صدر مملکت نے بینکنگ محتسب کو اکاؤنٹ ہولڈر کی شکایت پر مناسب شنوائی کا موقع دینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے شہری کی درخواست پر مناسب کاروائی نہ کرنے اور انکوائری کے درست طریقہ کار کو نظر انداز کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ قانونی بے قاعدگی سے لوگوں کے حقوق کو پامال نہیں کیا جاسکتا، بینکنگ محتسب دونوں فریقین کو سماعت کا موقع دے، اس معاملے میں انکوائری کے معیار کو یقینی بناتے ہوئے قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔