اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کو 12 اگست تک نگران وزیراعظم کا نام دینے کا کہہ دیا۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے وزیراعظم محمد شہبار شریف اور تحلیل شدہ قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد کو خط تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 224 ایک اے کے تحت صدر مملکت وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے مشورے سے نگران وزیراعظم کی تعیناتی کرتے ہیں، آئین کے تحت وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کو قومی اسمبلی کی تحلیل کے 3 دن کے اندر نگران وزیراعظم کا نام تجویز کرنا ہوتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ میں نے وزیراعظم کی ایڈوائس منظور کی جس کے نتیجے میں 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کر دی گئی۔ وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف 12 اگست تک موزوں نگران وزیراعظم کا نام تجویز کریں۔