صدر ڈاکٹر عارف علوی کا وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے زیراہتمام ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

99

اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ایف بی آر میں اصلاحات اور معیشت کو دستاویزی شکل دینا ملک کی پائیدار ترقی کیلئے ناگزیر ہے، پاکستان درست راہ پر گامزن ہے، حکومت بدعنوانی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہے۔ جمعرات کو ایوان صدر میں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے زیراہتمام ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات اور معیشت کو دستاویزی شکل دینا اہم ہے۔صدر نے کہا کہ دستاویزی شکل دینے کا عمل آسان اور سادہ ہونا چاہئے تاکہ تاجروں کو اس عمل کی تکمیل کے لئے وکلاءکی خدمات کی ضرورت نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت انبیائے کرام کی سنت ہے۔ پرانے زمانے میں بھی تجارت کے لئے طویل فاصلے طے کئے جاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت میں دیانتداری کا عنصر ہونا چاہئے۔ بیچنے والے کو، خریدنے والے کوچیز کی خامیوں اور خوبیوں سے آگاہ کرنا چاہئے۔