
اسلام آباد ۔ 14 اپریل (اے پی پی) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے نہ صرف دہشتگردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور دہشت گردی کے ناسور کو شکست دی بلکہ اسلام اور دہشت گردی کی غلط تشریح کو بھی غلط ثابت کیا، اسلام کا پیغام ہمدردی اور مساوات کا ہے‘ پاکستان نے افغان مہاجرین کو پناہ دے کردنیاکو بتایا کہ انسانیت کیاہوتی ہے، حضور نبی کریم ﷺ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے‘ آپﷺ پوری امت کے لئے سراپا محبت تھے ،کشمیر اور فلسطین دونوںایک دن آزادہوں گے کیونکہ کسی بھی کمیونٹی یا مذہب کی آواز کو طاقت کے ذریعے نہیں دبایا جا سکتا، میرا دل فلسطین اور کشمیر کے ساتھ دھڑکتا ہے، دنیا کو بتائیں گے کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام پر کس طرح ظلم و ستم کیا جارہا ہے‘ پاکستان کشمیری بھائیوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان علماءکونسل کے زیر اہتمام چوتھی پیغام اسلام کانفرنس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے35لاکھ افغانی مہاجرین کی بہترین میزبانی کی ہے اوربعض ممالک مصیبت زدہ مہاجرین کیلئے دیواریں کھڑی کررہے ہیں اور بعض ممالک مہاجرین کے معاملہ پر بحث و مباحثہ کر کے صرف 50 مہاجرین کو پناہ دینے پر آمادہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی تیسری اورچوتھی نسلیں پاکستان میں پروان چڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا پیغام ہمدردی اور مساوات کا ہے۔ ایمانداری اعلی قیادت سے ہی نیچے منتقل ہوتی ہے اور صحابہ کرام نے حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے دکھایا کہ عدل اور مساوات کیا ہوتی ہے۔صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کوپناہ دے کردنیاکوبتایا کہ انسانیت کیاہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کی افواج کوخراج تحسین پیش کررہی ہے۔پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں70ہزارسے زائدجانوں کی قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کر کے امن حاصل کیا ہے۔انہوں نے علماءپر زور دیا کہ وہ عوام کو صفائی، پانی کے استعمال اور شجرکاری جیسے سماجی مسائل سے آگاہ کریں جس کی ملک کو اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کوئٹہ سانحہ میں ہزارہ کمیونٹی کے افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ ہم شہداءکے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں اور پوری قوم ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ فلسطینی پرچم والا سکارف اوڑھے ہوئے اپنے خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ دنیاکو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیئے کہ 20 ویں صدی میں طاقت کے استعمال کے ذریعے انہیں ختم نہیں کیا جا سکتا۔ اسی طرح کشمیر اور فلسطین کی تحریک آزادی کو طاقت کے ذریعے نہیں دبایاجاسکتا۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم کا وژن اورسماجی تبدیلی کا سفر اس وقت مکمل ہوگا جب ملک میں مدارس اور تعلیمی اداروں میںیکساں تعلیمی نظام ہو گا۔پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ اگر پاکستان اور سعودی عرب متحد ہو جائیں تو دنیا کی کوئی بھی طاقت مسلمانوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ صدر مملکت نے دورے پر آئے مہمانوں میں شیلڈز تقسیم کیں اور امام کعبہ سے شیلڈ وصول بھی کی۔قبل ازیںامام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبداللہ عواد الجوہانی نے سورہ رحمان کی تلاوت سے پیغام اسلام کانفرنس کا افتتاح کیا اور وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری نے کانفرنس کے آغاز میں افتتاحی کلمات ادا کئے۔کانفرنس میں فلسطین شریعت کورٹ کے چیف جسٹس مصطفےٰ التاویل، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین علامہ طاہر محمود اشرفی اور ملک بھر سے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علمائے کرام بھی شریک تھے۔وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلم امہ کے اتحاد کی بالخصوص پاکستان اور بالعموم اسلامی دنیا کو اشد ضرورت ہے، اتفاق اور یکجہتی کی فضا کیلئے کام کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ طاہر اشرفی اس ضمن میں اہم کردر ادا کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان صرف عمران خان کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شخص کی ذمہ داری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اتحاد امت کیلئے کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی اس کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علماءکرام کی نمائندگی ہے، اسی اتحاد اور اتفاق اور یکجہتی کی فضا نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کو ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان ہم سب کی ذمہ داری ہے جس کا اعلان وزیراعظم عمران خان نے کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ منبر و محراب سے بھی سرسبز پاکستان کیلئے آواز آئے اور ہر پاکستانی اس میں اپنی قومی ذمہ داری پوری کرے۔پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین علامہ طاہر محمود اشرفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علماءکونسل کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے سال 2000 میں پہلی مرتبہ خود کش حملوں کو حرام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی تنظیم ہے جس نے داعش کے خلاف فتویٰ دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو چاہیئے کہ وہ فرقہ واریت کے نام پر اسلامی ممالک میں مداخلت بند کرے۔فلسطین شریعت کونسل کے چیف جسٹس مصطفےٰ التاویل،سعودی عرب کے وزیر مذہبی امور اور پاکستان میں سعودیسفیرنے بھی خطاب کیا۔