صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 139پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب

177

راولپنڈی ۔ 13 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاک فوج کو قوم کا مکمل اعتماد حاصل ہے اورمسلح افواج ہر جارحیت کا بھر پور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے‘ قومی سلامتی سے بڑھ کو کوئی مقدس فریضہ نہیں‘ پاکستان امن اور باہمی احترام پر یقین رکھتا ہے اور ہمسایوں کیساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتا ہے‘ حق خودارادیت کیلئے ہمیشہ کشمیری بھائیوں کا ساتھ دینگے۔آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت ہفتہ کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 139پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب کر رہے تھے۔صدر مملکت اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔پاس ہونے والے کیڈٹس میں 139پی ایم اے لانگ کورس،نویں مجاہد کورس، 58انٹیگریٹیڈ کورس اور 14لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس کے علاوہ سعودی عرب،سری لنکا کے کیڈٹس بھی شامل تھے۔صدر مملکت نے پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے اپنے خطاب میںکامیاب کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے آپ پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور آپ نے اعلی معیار کے پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے اس کو برقرار رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو قوم کا مکمل اعتماد حاصل ہے اورمسلح افواج ہر جارحیت کا بھر پور مقابلہ کرنیکی صلاحیت رکھتی ہے۔حالیہ کشیدگی میں مسلح افواج نے حربی صلاحیتوںکا لوہا منوایا اورآپریشنل تیاریوں اور منہ توڑ جواب نے دشمن کے مکروہ عزائم خاک میں ملا دیئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امن اور باہمی احترام پر یقین رکھتا ہے اور ہمسایوں کیساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتا ہے‘ امن کا پرچار پاکستان کی قومی پالیسی ہے اور رہیگی‘کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا‘ قومی سلامتی سے بڑھ کو کوئی مقدس فریضہ نہیں‘ قومی سلامتی کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان حق خودارادیت کیلئے ہمیشہ کشمیری بھائیوں کا ساتھ دیگا۔انہوں نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل کے قراردادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کے مصائب کا نوٹس لیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو بے پناہ چیلنجوں کا سامنا ہے تاہم ایک قوم کی حیثیت سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے جو کامیابیاں ہم نے حاصل کی ہیں اس کا ہمعصر دنیا ثانی نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے اس تمام تر جدوجہد میں منفرد اور اہم کردار ادا کیا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ امن کیلئے ہمارے بہادر سپاہیوں اور افسران نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کیخلاف آواز بلند کرنیکی ضرورت ہے۔پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب میں سینئر حاضر سروس و ریٹائرڈ فوجی افسران،سفارتکاروں اور کیڈٹس کے رشتہ داروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔صدر مملکت نے پریڈ کا معائنہ کیا اور کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے۔اکیڈمی سینئر انڈر افسر حیدر علی خان نے اعزازی شمشیر،کمانڈنٹ کین کیڈٹ محمد شہزاد اور کیڈٹ احمد بلال اوراوورسیز میڈل سری لنکن کیڈٹ نے حاصل کی جبکہ صدارتی طلائی تمغہ بٹالین سینئر انڈر افسر محمد عمر خان نے حاصل کیا۔صدر مملکت نے پاس آﺅٹ
ہونیوالے کیڈٹس کو مبارکباد دی۔