صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پاکستان میں چائلڈ لیبر سروے کے قومی اجراءکی تقریب سے خطاب

144
APP87-25 ISLAMABAD: March 25 - President Dr. Arif Alvi addressing the participants of National Launch of Child Labour Survey. APP

اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت چائلڈ لیبر کے خاتمے اور بچوں کے حقوق کے مکمل تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی‘ یہ تاثر درست نہیں کہ چائلڈ لیبر پاکستانی ثقافت کا حصہ ہے، عوام بچوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آتے ہوئے ان کی تعلیم پر بھی توجہ دیں کیونکہ نئی نسل کو تعلیم دیئے بغیر نیا پاکستان نہیں بن سکتا اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لئے میڈیا بھرپور کردار ادا کرے۔ وہ پیر کو پاکستان میں چائلڈ لیبر سروے کے قومی اجراءکی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری، وفاقی سیکریٹریز برائے وزارت انسانی حقوق اور شماریات ڈویژن کے علاوہ یونیسف، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن اور یو کے ایڈ سمیت مختلف شراکت دار اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے ملک میں چائلڈ لیبر کے متعلق سروے کے اہتمام پر تمام معاون اداروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ سروے 23 سال بعد ہو رہا ہے، چائلڈ لیبر کے بارے میں سروے بہت اہم ہے کیونکہ اس کے نتائج کی بنیاد پر بچوں کے بہتر مستقبل کی منصوبہ بندی اور اس حوالے سے ترجیحات کا تعین کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین بچوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ موجودہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور وہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ملک سے چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ کہنا کہ بچوں سے کام لینا پاکستان کی ثقافت کا حصہ ہے، درست تاثر نہیں۔ اس حوالے سے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کام کرنے والے بچے عدم تحفظ، تشدد، جنسی حراسیت اور دیگر قسم کے استحصال کے خطرات سے دوچار ہوتے ہیں جنہیں دور کرنے کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو مکمل آگاہی کے ساتھ کوششیں کرنا ہوں گی۔ ہمیں یہ پیغام عام کرنا ہوگا کہ ہمارا معاشرہ فکر کرنے والوں کا معاشرہ ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے متعلق سروے کے اہتمام کے لئے وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں اور شراکت دار اداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں استحصال سے بچانے کے لئے میڈیا کا کردار بہت اہم ہے، معاشرے کی برائیوں سے ہٹ کر مسائل کے حل اور امید کو بھی اجاگر کیا جانا چاہئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے اور اس حوالے سے عالمی معاہدوں میں شمولیت اور عملی اقدامات حکومتی سنجیدگی کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بچوں کی صحت، تعلیم و تربیت اور ان کے حقوق کے حوالے سے بڑا واضح موقف رکھتے ہیں‘ ملک کے ہر بچے کو اس کا حق ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سروے کے نتیجہ میں ملک میں کام کرنے والے بچوں کے درست اور تازہ ترین اعداد و شمار سامنے آئیں گے جن کی بنیاد پر بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے بہتر پالیسی سازی کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جمہوریت میں چائلڈ لیبر قابل قبول نہیں۔ بہتر تعلیم اور صحت کی سہولیات بچوں کا حق ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کا منشور بھی بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے وزارت انسانی حقوق کی جانب سے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات کو اجاگر کیا اور کہا کہ اس حوالے سے قوانین موجود ہیں تاہم ان کے بارے میں لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے پاکستان میں چائلڈ لیبر کے سروے کا باضابطہ افتتاح کیا۔