
اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ لوگوں میں صحت و صفائی کا پیغام عام کرنے کے لئے سکول، مسجد و منبر اور میڈیا کا کردار بڑھانا ہو گا، نیا پاکستان اسی صورت بنے گا جب سب مل کر ہر اعتبار سے اسے آگے بڑھائیں گے۔ وہ جمعرات کو پراکٹر اینڈ گیمبل (پی اینڈ جی) پاکستان کی حکومت کے صاف سبز پاکستان پروگرام میں شمولیت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پی اینڈ جی پاکستان اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے درمیان صاف و سبز پاکستان پروگرام کے سلسلے میں شراکت داری کے لئے ایک ایم او یو پر بھی دستخط کئے گئے۔ صدر مملکت نے اپنے خطاب میں صحت و صفائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ احتیاط اور پرہیز علاج سے بہتر ہے کیونکہ عام امراض 46 فیصد متعدی بیماریوں پر مشتمل ہوتی ہیں جن سے صفائی و ستھرائی اختیار کر کے بچاﺅ ممکن ہے۔ ملک کے 40 فیصد بچوں میں ذہنی نشوونما کی کمی کی وجوہات میں غذائی قلت، حفظان صحت کے مسائل، اولاد میں مناسب وقفہ نہ ہونا اور کم عمری کی شادیاں شامل ہیں۔ اسی طرح بوتل بند پانی بھی ماحول پر ایک بوجھ ہے، اس کا حل پانی صاف کرنے کے طریقے متعارف کرانا ہے جو کم لاگت بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی صفائی انتہائی ضروری اور ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ اس کا ثبوت یہ ہے کہ ہمارے نبی حضرت محمد نے عرب میں پانی کی قلت کے باوجود طہارت پر بہت زور دیا۔ ہماری شاندار تاریخ ہے، ہمیں صحت و صفائی کے لئے شعور عام کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں سکولوں کے نصاب پر نظرثانی کرتے ہوئے بچوں میں صفائی، ستھرائی اور ہاتھ دھونے کی اہمیت کو بڑھانا چاہئے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس حوالے سے سکول تبدیلی کا اہم پلیٹ فارم ثابت ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح صحت، صفائی، ستھرائی اور خواتین کے حقوق کے لئے مسجد کے منبر سے سے پیغام عام کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ منبر کو سماجی تبدیلی کے عمل کا حصہ بنایا جانا چاہئے، اسلامی نظریاتی کونسل کو اس حوالے سے خط لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان پیغامات کو عام کرنے کے لئے میڈیا کا کردار بھی بہت اہم ہے، نیا پاکستان اسی صورت بنے گا جب سب مل کر ہر اعتبار سے اسے آگے بڑھائیں گے۔ ہم سب نے مل کر نیا پاکستان بنانا ہے، گزشتہ ایک ماہ میں اپنے خلاف ہونے والی کارروائیوں کے باوجود پاکستان نے اپنا وقار بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف اور سرسبز پاکستان پروگرام ایک شاندار منصوبہ ہے، سرکاری اور نجی شعبے مل کر اسے کامیاب بنائیں۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا کہ آج کی یہ تقریب عالمی یوم جنگلات کے حوالے سے اہم ہے اور اس موقع پر وزارت موسمیاتی تبدیلی و پی اینڈ جی پاکستان کے درمیان ایم او یو مثبت پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پہلے لیڈر ہیں جنہوں نے سکول سے باہر دو کروڑ 25 لاکھ بچوں کو تعلیم دینے، شجرکاری، بچوں کی صحت، صفائی، صنفی امتیاز دور کرنے اور نوجوانوں کی بات کی ہے، ہماری حکومت کا وژن صاف و سرسبز پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بچوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دی جائے تو وہ صفائی و ستھرائی کے ایمبیسیڈرز بن سکتے ہیں، سرکاری اور نجی شعبے کو مل کر ماحولیات کے مسائل پر قابو پانا ہوگا۔ پچھلے چھ ماہ کے دوران لوگوں کے رویوں میں مثبت تبدیلی آئی ہے اور یہی تبدیلی نئے پاکستان کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی اور پی اینڈ جی پاکستان کے درمیان ایم او یو خوش آئند ہے۔ اس کے تحت پی اینڈ جی صفائی ستھرائی اور ماحولیات کے تحفظ کی اپنی کوششوں اور پروگراموں کو حکومتی اقدامات سے ہم آہنگ بنائے گا۔ قبل ازیں پراکٹر اینڈ گیمبل کے نائب صدر سمیع احمد نے تقریب کے شرکاءکا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پی اینڈ جی اپنے کارپوریٹ پروگراموں کے ذریعے ایک صحت مند اور حفظان صحت کا معاشرہ بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر ان کوششوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ پراکٹر اینڈ گیمبل پاکستان اگلے تین سالوں کے لئے پاک صاف پاکستان کے عزم پر کاربند رہتے ہوئے دو لاکھ 50 ہزار افراد کو 50 ملین لٹر صاف پانی پہنچائے گا۔ سیف گارڈ سکول ایجوکیشن پروگرام کے ذریعے پانچ ملین بچوں تک رسائی حاصل کی جائے گی اور ان میں صفائی اور ہاتھ دھونے کی عادات کے متعلق آگاہی پیدا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کھلے پن کا مظاہرہ کیا ہے اور نجی شعبے کو آگے آنے کا موقع دیا جو قابل تعریف ہے۔ اس سے ہمیں اجتماعی مقاصد کے حصول میں مدد ملے گی۔