صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا چین کے سفیر یاﺅ جنگ سے ملاقات کے دوران اظہار خیال

208

اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ بھارت چین پاکستان اقتصادی راہدار ی میں رکاوٹیں پیدا کررہا ہے۔بھارت کا متشدد رویہ علاقائی امن و استحکام کے لئے خطرہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو چین کے سفیر یاﺅ جنگ سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کیا۔صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتاہے۔چین مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا۔انہوں نے یقین دلایاکہ پاکستان ایک چین کی پالیسی کی حمایت جاری رکھے گا۔پاکستان چین کے قومی مفاد کے اہم اموربشمول ہانگ کانگ ، تبت اور تائیوان کے معاملہ پر ان کے ساتھ کھڑاہوگا۔ چینی سفیرنے کا ہانگ کانگ اور قومی مفادات کے دیگر امور پر اپنے ملک کے موقف کی حمایت کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ اداکیا۔انہوں نے کہاکہ چین کی عوام اور قیادت نے کورونابحران کے دوران چین کی حمایت اور پاک چین تعلقات کے فروغ کیلئے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کے کردار کو سراہاہے۔صدر ڈاکٹر عارف علوی کورونا وباءکے بعد چین کا دورہ کرنے والے پہلے غیرملکی سربراہ مملکت تھے۔چین کے سفیر نے ڈاکٹر عارف علوی کوان کی سالگرہ پر چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے مبارکباد کا پیغام بھی پہنچایا۔ صدر مملکت نے زور دیاکہ پاکستان اور چین کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی ، معیشت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ملاقات کے دوران ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال کے پیش نظر اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیاگیا۔ صدر مملکت نے کورونا وباءکے دوران چین کے تعاون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی یکطرفہ اقدامات کے خلاف حمایت پر چین کاشکریہ اداکیا۔