صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کشمیر کے حوالے سے قومی پارلیمنٹرینز کانفرنس سے خطاب

114

اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیر آزادی کی طرف جارہا ہے، دنیا کی کوئی طاقت انہیں اس سے نہیں روک سکتی، وہ وقت دور نہیں جب پورا کشمیر، آزاد کشمیر کہلائے گا، بھارت کی قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اس کے ہاتھ میں نیوکلیئر بٹن عالمی امن کے لئے خطرہ ہے، مودی سرکار کی پالیسیاں خود بھارت کےلئے تباہ کن ثابت ہونگی، اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں تحقیقاتی کمیشن بھیجے تاکہ کشمیری عوام کی حالت زار سامنے لائی جا سکے۔ وہ بدھ کو یہاں کنونشن سنٹر میں سینیٹ سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام کشمیر کے حوالے سے قومی پارلیمنٹرینز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت نے 5اگست کو غیرقانونی، غیر انسانی اور غیر اخلاقی اقدام اٹھایا، مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازار گرم ہے، سوچنے کی بات یہ ہے کہ جب کرفیو اٹھے گا تو آگے کیا ہو گا، یہ معاملہ بھارت کے حوالے سے بہت سنگین ہے، مودی نے بھارت میں نسل پرستی کی آگ خود لگائی ہے، کشمیر اس سلسلے کی کڑی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دوسروں کے پیدا کردہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مسائل کا سامنا کر چکا ہے، ہمیں معلوم ہے کہ یہ بہت خطرناک رجحان ہے، میں سمجھتا ہوں کہ بھارت نے اپنے حالیہ اقدامات سے اپنے ہاں خود آگ لگائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے ہندوتعصب کو بھانپ کر الگ مملکت بنانے کا تہیہ کیا تھا، بھارت آج اپنے آپ اور اپنی تاریخ سے جنگ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے آسام میں لاکھوں مسلمانوں کو شہریت سے محروم کردیا، بھارت میں کوئی کشمیر کی بات کرے تو اس کا جینا حرام کردیا جاتا ہے، کشمیریوں کو کوئی نہیں دبا سکتا، ان کی آزادی کی تحریک جاری رہے گی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کشمیر کے معاملے کے حوالے سے جذباتی اور منطقی جائزہ لے کر حالات کو دنیا کے سامنے رکھنے کی ضرورت ہے۔