صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا گھریلو گیس صارف کی شکایت کا نوٹس،شکایت کنندہ کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت

60

اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گھریلو گیس صارف کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کو بھاری بل پر نظر ثانی کرنے اور ‘اوسط بلنگ’ کے ذریعے شکایت کنندہ کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

شکایت کنندہ غلام رسول نے وفاقی محتسب کے اس حکم کے خلاف صدر پاکستان کے سامنے ایک اپیل دائر کی تھی ، جس میں ان کو کوئی ریلیف دیئے بغیر ان کا کیس بند کردیا گیا تھا۔ شکایت کنندہ ہے ایس این جی پی ایل کی جانب سے ناقص گیس میٹر کی تبدیلی کے بعد دسمبر ، 2019 کے مہینے کے 20،100 روپے کے "بھاری اور غیر منصفانہ” بل وصول ہونے پر وفاقی محتسب سے رجوع کیا تھا۔ اپنی شکایت کا کوئی حل نہ ملنے پر ،

شکایت کنندہ نے صدر پاکستان سے ریلیف کی درخواست کی۔ صدر عارف علوی نے اپنے تحریری حکم میں کہا ہے کہ اس کیس کی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ "دسمبر کا بل اس سے پچھلے مہینوں کے مقابلے میں کافی زیادہ تھا اور اس طرح ایس این جی پی ایل کے لئے اس پر نظر ثانی کرنا لازم تھا۔

انہوں نے اپنے حکم میں لکھا کہ اس معاملے میں ایس این جی پی ایل کو اوسط بنیاد پر بلنگ پر دوبارہ غور کرنے اور شکایت کنندہ کو ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس طرح صدر مملکت نے ایس این جی پی ایل کو اوسطا بلنگ کے ذریعہ شکایت کنندہ کو ریلیف فراہم کرنے کے حکم کے ساتھ درخواست نمٹا دی