اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سندھ کے ضلع گھوٹکی میں ڈاکوئوں کے حملے کے دوران مغوی کی بازیابی کے لیے آپریشن میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ڈی ایس پی عبدالمالک بھٹو، انسپکٹر عبدالمالک کمانگر، سب انسپکٹر دین محمد لغاری، کانسٹیبل جتوئی خان پتافی اور محمد سلیم چاچڑ سمیت شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے بلندی درجات کیلئے دعا کی۔
پولیس اہلکار گھوٹکی میں جدید ہتھیاروں سے لیس 150 سے زائد مسلح ڈاکوئوں کے حملے میں شہید ہوئے تھے۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے لیے جنت الفردوس اور حملے میں زخمی ہونے والے انسپکٹر غلام علی بروہی، کانسٹیبل آفتاب احمد بھٹو اور ممتاز علی سومرو کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پولیس اہلکاروں کی ہمت اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو تحفظ ، سلامتی اور ذہنی سکون فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ حکومت اپنے اختیار میں تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے، ایسے واقعات سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان بنیادی وجوہات کو حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جو شہریوں کو معاشرے کے لیے ایک خطرے میں تبدیل ہونے کے لئے مجبور کرتی ہیں۔