صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ

215

راولپنڈی۔13دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ کیا۔ صدر مملکت کو ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی تکنیکی صلاحیتوں، پیداواری سرگرمیوں، مصنوعات کی مقامی سطح پر تیاری کی کوششوں، بڑے تحقیق و ترقی کے منصوبوں اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے حال ہی میں شروع کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صدر مملکت نے مختلف فیکٹریوں کا دورہ کیا اور جاری منصوبوں پر کام کا جائزہ لیا۔

منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق صدر مملکت نے جاری تحقیق و ترقی کے منصوبوں بشمول فوجی گاڑیوں کو بلٹ پروف اور آئی ای ڈی سے محفوظ بنانے اور ٹینک و آرٹلری گن کے بیرل اور سسٹمز کی تیاری میں گہری دلچسپی لی۔ انہوں نے جنگی گاڑیوں اور نظاموں کی مقامی سطح پر تیاری اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے ذریعے خود انحصاری حاصل کرنے کے حوالہ سے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی کوششوں کو سراہا۔

صدر مملکت نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی صلاحیتوں پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور اسے جدید دفاعی پیداوار کے حامل ادارے میں تبدیل کرنے کے عزم کو سراہا جس کا مقصد بین الاقوامی معیارات کے مطابق مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ضروریات کو مناسب طریقے سے پورا کرنا ہے۔ قبل ازیں آمد پر ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔