اسلام آباد ۔ 2 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تعلیم اور معاشی خود مختاری ہی خواتین کی صحیح معنوں میں آزادی اور ترقی کی ضامن ہیں، خواتین کو معاشرہ میں جائز مقام اور تحفظ دلانا قومی ذمہ داری ہے، ان کے فعال کردار کے بغیر نئے پاکستان کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ وہ منگل کو ایوان صدر میں ینگ ویمن لیڈر شپ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسلام نے عورتوں کو حقوق اور احترام دیا ہے، عورتوں کو وراثت میں حصہ دینے کے قانون پر عملدرآمد ان کی معاشی خود مختاری کیلئے بہت اہم ہے جو خواتین کی آزادی اور ترقی کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں مواقع پیدا ہورہے ہیں، اس حوالہ سے حکومتوں کو کردار ادا کرنا چاہئے۔ صدر مملکت نے کہا کہ معاشرہ میں جائز مقام، ترقی، تحفظ اور مواقع کے اعتبار سے عورت کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے، وہ معاشرہ میں قائدانہ کردار ادا کرسکتی ہیں، اس حوالہ سے ہمارے معاشرے میں مثالیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو خواتین قیادت کے مقام پر پہنچ چکی ہیں انہیں پسماندہ اور محروم رہ جانے والی خواتین کی بہتری کیلئے کام کرنا چاہئے کیونکہ اچھا لیڈر بننے کیلئے قابلیت کے ساتھ ساتھ لوگوں کیلئے ہمدردی اور محبت کے جذبات رکھنا بھی اہم ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ انہوں نے وراثت سمیت خواتین کے حقوق کے تحفظ، غذائیت، صحت، صفائی و ستھرائی اور شجرکاری کے حوالہ سے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کے سلسلہ میں منبر کے کردار کو بڑھانے کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل کو خط ارسال کردیا ہے، اس کا مقصد اسلام کا سماجی فلاح کا پیغام عام کرنا اور لوگوں کی اس میں بھرپور شرکت کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے ایچ آر ڈی نیٹ ورک کی جانب سے ینگ ویمن لیڈر شپ کانفرنس کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ قبل ازیں ایچ آر ڈی نیٹ ورک کے چیئرمین رومی سعید حیات نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں پاکستان بھر کے تمام اضلاع سے نوجوان خواتین نے شرکت کی جو خوش آئند ہے۔ اس کانفرنس کا مقصد خواتین کو معاشرہ میں ان کا جائز مقام دلانا ہے، ہمیں تمام شعبوں اور بالخصوص معیشت میں خواتین کا کردار بڑھانا چاہئے، اس کیلئے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے کیونکہ ملک کی نصف سے زائد آبادی کو قومی ترقی کے عمل سے لاتعلق نہیں رکھا جاسکتا، خواتین کے کردار کو بڑھانے کیلئے انہیں آسانیاں اور سہولیات دینا ہوں گی۔ انہوں نے ایوان صدر میں کانفرنس کے انعقاد پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ایچ آر ڈی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر روبیلا بنگش، آکسفیم کے کنٹری ڈائریکٹر محمد قزلباش اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناءمیر نے بھی خطاب کیا اور خواتین کے حقوق اور انہیں معاشرہ میں جائز مقام دینے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس حوالہ سے آگاہی اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زوردیا۔