اسلام آباد ۔ 14 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم یہ یوم آزادی بہادر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منا رہے ہیں، بھارت امن کی پالیسی کو ہماری کمزوری نہ سمجھے، اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو دنیا پر اس کے اثرات پڑیں گے، مذہبی جنونیت نے بھارتی سیکولر معاشرے کا چہرہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ اس سلسلے میں انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی رپورٹس آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہیں، قوم بالخصوص نوجوان بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم کو بے نقاب کرنے کیلئے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یوم آزادی کے موقع پر کنونشن سنٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرائ، ارکان پارلیمنٹ سمیت اہم شخصیات، اعلیٰ حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہاکہ پوری قوم کو 72 واں جشن آزادی مبارک ہو۔ میری دعا ہے کہ وطن عزیز کی حرمت و تشخص کی علامت یہ سبز ہلالی پرچم آزاد فضاﺅں میں تاقیامت یونہی لہراتا رہے اور قومی امنگوں کی ترجمانی کرتا رہے۔ چاند ستارہ ترقی، امن اور خوشحالی کی درخشاں کرنیں ہرآنگن میں بکھیرتا رہے اور اس کا سایہ قوم کے ہر فرد کے چہرے اور دل کو روشنی بخشتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن قومی تاریخ میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔