اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آج ہم پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط و خوشحال ملک بنانے اور بانیان وطن کی بصیرت کے مطابق جمہوری اقدار ، قانون کی حکمرانی اور اسلامی طرز ِزندگی کو برقرار رکھنے کا عہد کرتے ہیں، جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کےلئے جموں و کشمیر کے تنازعہ کا سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کلیدی حیثیت رکھتا ہے،
قوم کورونا سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرے تاکہ کورونا کی تیسری لہر پر قابو پایا جاسکے۔ یوم پاکستان، 23 مارچ 2021ء کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ یوم ِپاکستان کے موقع پر ، ہم بانیانِ پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی خدمات اور قربانیوں سے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن کا قیام ممکن ہوا۔ آج ہم پاکستان کو ایک معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی دن پر ، ہم اپنے معاشرے کو پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے لئے انسانیت دوست، جامع اور روادار بنانے کی جدوجہد جاری رکھنے کا عہدکرتے ہیں۔
ہم اپنے بانیان وطن کی بصیرت کے مطابق اپنے ملک میں جمہوری اقدار ، قانون کی حکمرانی اور اسلامی طرز ِزندگی کو برقرار رکھنے کا بھی عہد کرتے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ اس دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے جنہیں ہندوستانی سیکیورٹی فورسز نے سات دہائیوں سے محکوم بنا رکھا ہے۔ انہیں بدترین جبر اور ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ہم اپنے کشمیریوں بھائیوں کے حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔ غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں کا دنیا کو نوٹس لینا چاہئے۔ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کےلیے جموں و کشمیر کے تنازعہ کا سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ آج ہم اپنے ہیروز خصوصا ً صحت کے شعبے سے وابستہ کارکنان اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں ، جنہوں نے COVID-19 کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اہم کردار ادا کیا اور اس مشکل وقت میں لوگوں کو علاج فراہم کرنے میں بڑا کردار ادا کیا ۔ ہم اپنے شعبہ صحت کے پروفیشنلز کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہیں جنہوں نے اس بحران کے دوران قوم کی بے لوث خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے ہم وطنوں سے گزارش کرتا ہوں کہ کورونا سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ کورونا کی تیسری لہر پر قابو پایا جاسکے۔ مجھے یقین ہے کہ اتحاد ، ایمان اورتنظیم کی مدد سے ہم اپنی راہ میں آنے والے کسی بھی چیلنج پر قابو پا سکتے ہیں