
اسلام آباد ۔ 27 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یتیم،مستحق سمیت تمام بچوں کو یکساں مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے،بطور مسلمان ہمیں معاشرے کے پسے ہوئے طبقات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے،ملک میں لوگوں کے اندر یہ جذبہ موجود ہے کہ وہ اپنی زکوة و خیرات سے مستحق لوگوںکا خاص خیال رکھتے ہیںان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایوان صدر میں یوم یتامیٰ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے کہا کہمستحق بچوں کے لئے بنیادی ضروریات اور سہولیات کی فراہمی ریاست کی اہم ذمہ داری ہے،ہمارے پیارے نبیۖ کا فرمان ہے کہ قیامت کے روز یتیم کا خیال رکھنے والہ میرے ساتھ دو انگلیوں کی مشابہت ہو گا،اسلام میں خواتین کو بلند مقام حاصل ہے اور حضور ۖ نے آج سے 1400 سال قبل جب عورتوں کے حقوق کی بات کی اس وقت عورتوں کے حقوق غصب کئے جا رہے تھے اور آپ ۖ نے انسانیت کو اندھیروں سے روشنی کی دکھائی اور عورتوں کو ان کا پورا حق ادا کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ حضور ۖ نے ان لوگوں کو بھی جنت کی بشارت سنائی ہے جس کی دو یا تین بیٹیاں ہوں اور وہ ان کی بہتر پرورش کرے۔صدر مملکت نے کہا کہ بطور مسلمان ہمیں معاشرے کے پسے ہوئے طبقات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے, قرآن کریم میں بھی یتیم اور نادار بچوں پر خصوصی شفقت کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انکے لئے خوشی کا مقام ہے کہ دوسری بار ایوان صدر میں یتیم بچوں کے ساتھ افطاری میں شریک ہوں۔انہوں نے کہا کہ الخدمت سمیت تمام فلاحی اداروں کو مستحق افراد کی معاونت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور یہ بات قابل تحسین ہیں کہ ہمارے ملک میں لوگوں کے اندر یہ جذبہ موجود ہے کہ وہ اپنی زکوة اور خیرات سے مستحق لوگوںکا خاص خیال رکھتے ہیں۔