صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی آذربائیجان کے سفیر سے گفتگو

98

اسلام آباد ۔ 25 جون (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے خوشگوار اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے باہمی تجارت کے حجم کو بڑھانے اور بالخصوص توانائی و سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر علی فکرت اولو علیزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ سفیر نے دورہ آذربائیجان کیلئے صدر الہام علیوف کا دعوت نامہ صدر مملکت کو پہنچایا۔ صدر مملکت نے سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک۔آذربائیجان تعلقات مشترکہ عقیدے، ثقافت اور ورثہ پر مبنی ہیں۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کیلئے آذربائیجان کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں شاندار باہمی تعلقات کو مزید تقویت دینے کا خواہاں ہے۔