
اسلام آباد ۔ 7 فروری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آزاد میڈیا ترقی یافتہ معاشروں کا بیش قیمت جزو ہے، آزادی کے ساتھ ساتھ میڈیا کا ذمہ دار ہونا بھی انتہائی ضروری ہے،ذاتی پسند اور نا پسند فطری عمل ہے مگر اس کو صحافت میں جھلکنا نہیں چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں آل پاکستان نیوز پیپرز اینڈ ایڈیٹرز فورم (اے پی این ای ایف) اورپاکستان جرنلسٹ فورم(پی جے ایف) کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ صدر مملکت نے کہاکہ کوئی بھی حکومتی نظام برا نہیں بشرطیکہ گورننس کو مو¿ثر اور شفاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا موثر مہمات کے ذریعے آنے والے دور کے خدوخال وضع کر سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی میڈیا ، بھارتی میڈیا سے بہتر اور آزادی سے اپنی ذمہ داریاں نبھارہا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ غلطی کی صورت میں ذمہ دار میڈیا اپنی اصلاح خود کر لیتا ہے، ذاتی پسند نا پسند فطری عمل ہے مگر ذاتی پسند نا پسند کو صحافت میں جھلکنا نہیں چاہئے۔ صدر مملکت نے کہاکہ ملک بہتری کی جانب رواں دواں ہے، ہم نے بے مثال قربانیوں اور اتحاد سے دہشت گردی پر بڑی حد تک قابو پا لیا ہے۔ انہوں اس امر پر زور دیا کہ دہشت گردی میں شہید ہونے والوں شہریوں کے لیے انشورنس کا نظام ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کی فراہمی معاشرتی ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے، خواتین کے حقوق کی فراہمی میں میڈیا اپنا کردار ادا کرے۔ صدر پی جے ایف ذوالفقار راحت نے صدر مملکت کو صحافیوں کی تربیت اور فلاح و بہبود کے اقدامات اور منصوبوں سے آگاہ کیا۔ ذوالفقار راحت اوررانا عمران لطیف نے صدر مملکت کو شیلڈ بھی پیش کی۔