صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی بوسنیا ہرزیگووینا میں پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) اختر جمیل راؤ سے ملاقات میں گفتگو

83

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور بوسنیا کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں بوسنیا کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کے لئے معیشت ، تجارت ، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔ وہ بوسنیا اور ہرزیگووینا میں پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) اختر جمیل راؤ سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بوسنیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کے لئے معیشت ، تجارت ، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں باہمی تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت ہے، نامزد سفیر بوسنیا اور ہرزیگوینا کے ساتھ موجودہ معاشی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لئے کام کریں۔

صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے بھی کام کریں، امید ہے کہ نامزد سفیر دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم بنانے کیلئے مہارت اور لگن سے کام کریں گے۔ صدر عارف علوی نے نامزد سفیر کو بوسنیا میں تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور انکی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔