صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی بی جے پی رہنمائوں کی جانب سے نبی کریم ؐکے بارے میں توہین آمیز اوردل آزاری پرمبنی ریمارکس کی شدید مذمت

95
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کو شام 4 بجے طلب کر لیا

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنمائوں کی جانب سے نبی کریمؐ کے بارے میں توہین آمیز اوردل آزاری پرمبنی ریمارکس کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ توہین آمیز اور متنازعہ ریمارکس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔اتوار کویہاں جاری بیان میں صدرمملکت نے کہاکہ توہین آمیزریمارکس سے ہندوستان میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی ہورہی ہے جہاں مسلمان لاکھوں کی تعداد میں رہ رہے ہیں ۔

صدر مملکت نے کہاکہ پارٹی عہدیداروں کو محض معطل کرنا اور نکال دینا کافی نہیں بلکہ بی جے پی کو اپنے انتہا پسندانہ اور فاشسٹ ہندوتوا نظریہ سے باز آنا چاہئے اور اس کی مذمت کرنی چاہئے۔صدرنے کہاکہ مودی کے نفرت انگیز ہندوتوا فلسفے کے تحت بھارت اپنی تمام اقلیتوں کی مذہبی آزادیوں کو پامال اور ان پر بلاامتیازاوربغیرکسی روک ٹوک کے ظلم ڈھارہاہے ۔

صدرمملکت نے کہاکہ اس طرح کے اسلامو فوبک ریمارکس کو کسی سزاء کے بغیر جاری رکھنے کی اجازت دینا انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سنگین خطرہ ہے ، یہ اقلیتوں سے مزید تعصب اورانہیں دیوارسے لگانے کا باعث بن سکتا ہے جو تشدد اور نفرت کاایک اورچکر پیدا کرے گا ۔ صدرنے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا اور منظم مذہبی ظلم و جبر کا بغیر کسی استثنٰی کے سنجیدگی سے نوٹس لیں اور اس کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔