صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ترکمانستان کے صدر قربان علی محمدوف سے گفتگو

97

اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ کی جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تعلقات مزید مستحکم بنانے کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ترکمانستان کے صدر قربان علی محمدوف سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے مختلف شعبوں میں موجودہ دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، معیشت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماﺅں نے پاک۔ترکمانستان دوطرفہ تعلقات، تاپی گیس پائپ لائن منصوبے اور ٹی اے پی پاور ٹرانسمیشن لائنز کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ چین۔پاکستان اقتصادی راہداری علاقائی روابط کو فروغ دے گی اور خطہ کے ممالک بالخصوص افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کو شاہراہوں اور ریلوے انفراسٹرکچر سے زبردست فائدہ ہو گا۔ انہوں نے گوادر بندرگاہ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ترکمانستان کو مختصر ترین راستہ تجارتی راستہ فراہم ہو گا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوادر اور ترکمان باشی کی بندرگاہوں کے مابین تعلقات پر مفاہمت کی یادداشت کو جلد حتمی شکل دینے کی تجویز دی۔ انہوں نے ترکمانستان کے صدر کو کورونا وبا کے دوران پاکستان کی جانب سے اختیار کی گئی سمارٹ لاک ڈاﺅن کی پالیسی سے آگاہ کیا جس سے اس وبا پر قابو پانے میں کامیابی ملی۔ انہوں نے اس وبا کی روک تھام کیلئے ترکمانستان کی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے نمایاں اقدامات کو سراہا۔ دونوں صدور نے افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا اور دیرینہ تنازعہ کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت نے بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو ان انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لینا چاہئے۔ ترکمانستان کے صدر نے دوطرفہ تجارت، مواصلات، زراعت، صنعت، ٹرانسپورٹ اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس آن لائن بلانے کی تجویز دی۔ ترکمانستان کے صدر نے ڈاکٹر عارف علوی کو 2021ءمیں اشک آباد میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ صدر عارف علوی نے اپنے ترکمانستان کے ہم منصب اور ان کے عوام کو مستقل غیر جانبداری کے 25 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ترکمانستان کے اپنے ہم منصب کو ٹیلی فون کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ سطح کے اس طرح کے روابط سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مستحکم ہوں گے۔