اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان ٹیلی ویژن(پی ٹی وی) کے جنرل منیجر (جی ایم) خالد محمود لکھن کے خلاف وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی کی جانب سے عائد کردہ سزا کا حکم برقرار رکھا ہے ۔ جنسی ہراسانی کیس میں جی ایم پی ٹی وی کو ملازمت سے برطرفی اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی ہے ۔ خالد محمود پر پی ٹی وی سینٹر ملتان کی ایک خاتون میک اپ آرٹسٹ کو ہراساں کرنے کا الزام ثابت ہونے پر وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی نے ایک ہفتے کے اندر ملزم پر سزائیں عائد کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے جی ایم پی ٹی وی کی طرف سے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف اپیل کو مسترد کردیا۔ انہوں نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ہمارا مذہب اور قانون دونوں ہی اس طرح کے عمل کی سختی سے حوصلہ شکنی کرتے ہیں، معاشرے میں سماج دشمن اور خواتین کو ہراساں کرنے والوں کو واضح پیغام دینا ضروری ہے، پاکستان خواتین کی جانب ایسے نامناسب رویے کو برداشت نہیں کرے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملزم نے خود کارروائی کو طول دیا اور بار بار التوا کا فائدہ اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ منصفانہ ٹرائل کا حق انصاف کا تسلیم شدہ اصول ہےمگر قانونی عمل کے غلط استعمال کی بھی اجازت نہیں، ضروری ہے کہ ہم خواتین کے لئے عوامی اور ملازمت کے مقامات کو محفوظ بنائیں، بار بار التوا کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس کیس میں وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی نے درست حکم جاری کیا، فیصلہ قانون اور حقائق پر مبنی ہے۔